Fatawa ~ AIA Academy (Boys)




Fatawa Details



حالت احرام میں چہرہ پر نقاب؟



سوال: اس وقت حرم میں ماسک پہن کر جانا ضروری ہے تو کیا عورت چہرے پر نقاب ڈال لے تو ایسا کرنا صحیح ہے؟ جواب سے نوازیں مہربانی ہوگی۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفیق: خواتین حالت احرام میں نقاب پہن سکتی ہیں،عورتوں کے لیے نامحرم مردوں سے پردہ حالت احرام میں بھی لازم ہے، البتہ حالت احرام میں عورت کے لیے چونکہ چہرہ ڈھانپنا منع ہے اس لیے عورت سر پر کوئی چھجہ (ہیٹ، ٹوپ) وغیرہ لگالے اور اس کے اوپر سے نقاب یا کوئی کپڑا اس طرح ڈال لے کہ وہ چہرہ سے مس نہ کرے اور اجانب سے پردہ بھی ہوجائے۔
مروجہ ماسک چوں کہ چہرے کے چوتھائی یا اس سے زیادہ حصہ کو چھپالیتا ہے، اور چہرے سے چپکا ہوا رہتا ھے، لہذا اگر کوئی شخص (خواہ مرد ہو یا عورت) احرام کی حالت میں مروجہ ماسک سے چوتھائی چہرہ یا اس سے زیادہ چھپاکر پورا دن یا پوری رات (یعنی بارہ گھنٹہ) پہنے رکھے تو اس صورت میں دم دینا لازم ہوگا، اور اس سے کم پہننے کی صورت میں صدقہ لازم ہوگا، بلا عذر ماسک پہننے والا گناہ گار ہوگا، البتہ اگر کسی عذر کی وجہ سے پہنا ہو تو گناہ نہ ہوگا، تاہم دم یا صدقہ کا وجوب تفصیل بالا کے مطابق بہر صورت ہوگا؛ لہٰذا عمرہ کرنے والے شخص کو ماسک پہننا مجبوری ہو تو اسے چاہیے کہ وہ وقتًا فوقتًا ماسک اتارتا رہے، یا چوتھائی چہرہ نہ چھپائے؛ تاکہ چوتھائی چہرہ چھپائے ہوئے بارہ گھنٹے پورے نہ ہوں۔ فقط واللہ اعلم

 



Leave a Comment